کراچی (قمر خان) مصر کے معروف اسکواش اسٹار مصطفی السرتی نے 15ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی ۔روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہ چیمپئن شپ کے فائنل میں سیڈ نمبر4 مصطفی السرتی نے خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 منٹ طویل کانٹے کے مقابلے میں ہانگ کانگ کے حریف تھرڈ سیڈ کھلاڑی کیفنگ یپ کو 11-5, 7-11, 11-7, 3-11,11-9 سے شکست دی ۔ فاتح کھلاڑی کو 3610ڈالر جبکہ رنر اپ کو 2280ڈالر اور ٹرافی انعام میں دی گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے اسکواش کے کھیل سے پاک بحریہ کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش کا سال 2000 سے باقاعدہ انعقادملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ مہمان خصوصی نے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن، کھلاڑیوں، اسپانسرز اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کا ایونٹ کے شاندار انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔بعد ازاںچیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں ان کی محنت اور قابل قدر کامیابی پر مبارکباد دی۔ اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز، قومی کھلاڑیوں اورا سپورٹس کمیونٹی کے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
15ویں سی این ایس سکواش چیمئین شپ مصر کے مصطفی السرتی کے نام
Nov 07, 2021