لاہور (کامرس رپورٹر)ملک میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیاء خورونوش کی قیمتوں میںاضافہ کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے آٹے اور میدہ کی قیمت بھی بڑھ گئی 80کلو میدہ اورفائن(آٹا) کی بوری کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ مہنگائی کے باعث یوٹیلٹی سٹورز پر صارفین کا رش بڑھنے سے چینی، دالوں سمیت دیگر اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ صرف ایک روز میں لاہور میں پرچون سطح پر 8 سبزیوں کی قیمتوں میں ایک روپے سے 20روپے اور 7پھلوں کی قیمتوں میں 2روپے سے 10روپے تک اضافہ ہو گیا ہے۔ا۔ایک کلو دودھ کی مقررہ قیمت 100روپے ہے لیکن بیشتر علاقوں میں 110روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔ ایک کلو دال چنا کی مقررہ قیمت 130 روپے ہے لیکن بیشتر علاقوں میں دکانداروں نے 135 روپے تک فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، ایک کلو سفید چنا کی مقررہ قیمت 150روپے ہے لیکن اس کی فروخت بھی 160روپے تک شروع ہو گئی اسی طرح ایک کلو سپر باسمتی چاول کی مقررہ قیمت 120 روپے ہے لیکن اس کی فروخت بھی 130 روپے تک کی جا رہی ہے۔ سبزیوں میں ایک کلوآلو شوگر فری کی قیمت ایک روپے اضافے سے 58روپے، آلو سفید ایک روپے اضافے سے 36 روپے، ایک کلو ٹماٹر درجہ اول 20 روپے اضافے سے 150روپے، سبز مرچ اول 5 روپے اضافے سے 119 روپے، لیموں چائنہ 10 روپے اضافے سے 58روپے، پھلیاں موٹی 5 روپے اضافے سے 83 روپے، گاجر چائنہ 11 روپے اضافے سے 135 روپے اور ایک کلو پالک فارمی کی قیمت 3 روپے اضافے سے 40 روپے ہو گئی۔ پھلوں میں سیب کالا کولو پہاڑی اول کی قیمت 5روپے اضافے سے 165روپے، سیب کالا کولو پہاڑی دوئم کی قیمت 2 روپے اضافے سے 95 روپے، سیب سفید اول کی قیمت 5 روپے اضافے سے 83روپے، انار بدانہ کی قیمت 10روپے اضافے سے 340 روپے، انگور بدانہ کی قیمت 5 روپے اضافے سے 120 روپے، جاپانی پھل کی قیمت 5 روپے اضافے سے 115 روپے، مسمی درجن کی قیمت 4 روپے اضافے سے 90 روپے اور ایک کلو خربوزہ کی قیمت 2روپے اضافے سے 75روپے ہو گئی۔