آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آج پاکستان اپنے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ سے مد مقابل ہوگا۔
پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کے لیے پر امید ہے۔جیت کی صورت میں پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے والی واحد ناقابل شکست ٹیم ہو گی۔شکست کی صورت میں پاکستان کی ممکنہ طور پر پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ سکتی ہے لیکن سیمی فائنل میں پاکستان کی رسائی کو خطرہ نہیں۔اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے کی صورت میں پاکستان گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہے گا۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ گروپ اے کی دوسری پوزیشن والی ٹیم یعنی آسٹریلیا سے ہوگا۔ہار کی صورت میں گروپ بی کی پہلی اور دوسری پوزیشن والی ٹیموں کا انتخاب رین ریٹ پر ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گروپ اے میں سپر 12 مرحلے کے اختتامی میچز ہوئے جن میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔گروپ اے میں انگلینڈ نے پہلی اور آسٹریلیا نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔تاہم گروپ بی میں پہلی اور دوسری پوزیشن کے فیصلے کے لیے تین میچز باقی ہیں۔