مسئلۂ کشمیر پر پیشرفت، او آئی سی کے خصوصی ایلچی آج پاکستان پہنچیں گے

Nov 07, 2021 | 10:36

ویب ڈیسک

مسئلۂ کشمیر پر پیشرفت کیلئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی کی جانب سے یوسف الدوبے پاکستان کا 6روزہ دورہ کریں گے۔اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور کے سفیر تارگ بخیت اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد خصوصی ایلچی کے ہمراہ ہوگا۔سرکاری اعلامیے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی ایلچی مقبوضہ کشمیر میں امن و سلامتی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔  دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلۂ کشمیر کے حل کی مرکزیت کو فروغ دے گا۔اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی ایلچی آزاد کشمیر میں مختلف افراد سے بات چیت کریں گے جن میں کشمیر کے حقیقی نمائندے بھی شامل ہیں۔ وفد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کشمیریوں کی رہائش گاہ ماڈل ولیج کا دورہ کرے گا۔
خصوصی ایلچی یوسف الدوبے کی زیر قیادت او آئی سی کا وفد پاک بھارت سرحد (لائن آف کنٹرول) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے ملاقات کرے گا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔
گزشتہ برس مارچ کے دوران بھی اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی ایلچی نے آزاد کشمیر سمیت پاکستان کا دورہ کیا اور اپنی رپورٹ میں کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کی جائز جدوجہد کیلئے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کیا۔اقوامِ متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کا حل تلاش کیا جارہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی ایلچی کا آج سے شروع ہونے والا دورہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ 

مزیدخبریں