میرپور (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر پہلی مرتبہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے آزادکشمیر میں شہدا کی فیملیز،غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے 500 مفت گھروں کی تعمیر کر رہے ہیں جو ریاست کا ایک منفرد اور شاہکار منصوبہ ہے۔اس منصوبہ کے تحت آزاد کشمیر کے چار اضلاع نیلم،باغ،کوٹلی اور میرپور میں 500گھروں کی الگ الگ کالونیاں بنائی جائیں گی۔ریاست کے اس منفرد پراجیکٹ میں حکومت آزاد کشمیر اور کورٹ کا پچاس پچاس فیصد حصہ ہو گا۔شاہین فانڈیشن کے تعاون سے آزاد کشمیر میں ائیر ایمبولینس سروس بھی شروع کررہے ہیں تاکہ بھارتی فائرنگ سے ایل او سی پرزخمی ہونے والوں کو بروقت طبی امداد میسر ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت آزادکشمیر اور کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے شہدا کی فیملیز کے لئے 500 گھر وں پر مشتمل رہائشی کالونیوں تعمیر کرنے کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور وزرا حکومت کے ہمراہ نیلم،باغ،کوٹلی اور میرپور میں شہدا کی فیملیز کے لئے بنائے جانے والے گھروں کے الگ الگ اضلاع کا سنگ بنیاد رکھا ۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ چوہدری اختر کے خدمت خلق کے منصوبوں میں حکومت ان کے شانابشانہ کھڑی ہے آج انہوں نے شادی کی روایت میں شہداء کی فیملیز کے لیے رہائشی کالونیاں بنانے میں اپنا حصہ ڈال کر ایک حسین باب کا اضافہ کیا ۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے دورہ میرپور کے دوران آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں معروف فلاحی ادارے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر کی صاحبزادی کی شادی اور رخصتی کی تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعظم آزادکشمیر جب شادی ہال پہنچے تو ان کا والہانہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پروزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کسی صورت بھی ملتوی نہیں ہوں گے یہ حکومت آزادکشمیر کی گارنٹی ہے۔بلدیاتی الیکشن کے ذریعے اختیارات نچلی سطع پر عوام کے منتخب نمائندوں کو سپرد کریں گے۔