ٹریفک کی بلا تعطل روانی  کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں،سی ٹی او

Nov 07, 2022


پشاور(بیورورپورٹ) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لینے کیلئے مختلف سیکٹروں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا اور ٹریفک حکام کو ضروری ہدایات جاری کردیئے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کریں جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی ہو اور شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس سڑک کے کناروں سمیت فٹ پاتھوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرائیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو بھی کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔ 

مزیدخبریں