لاہور(کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے حکومت پر زور دیا کہ وہ زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے اعلان کردہ 1.8 ٹریلین روپے کے تاریخی کسان پیکج کی فوری اور بروقت فراہمی کو یقینی بنائے جس میں سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو مفت بیج کی فراہمی اور ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویل کیلئے بجلی پر سبسڈی کے علاوہ کھادوں کی قیمتوں میں کمی شامل ہے۔ گزشتہ روز شہزاد علی ملک نے کہا کہ اس پیکج پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے تاکہ متاثرہ کاشتکار کھادوں کی خریداری، ڈیزل، ٹریکٹر اور دیگر ضروری اشیاء کے اخراجات کو پورا کرکے فصلوں کی بروقت بوائی اور پیکج کا بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ غریب کسانوں کو یہ پیکج ون ونڈو آپریشن کے تحت فراہم کیا جانا چاہیے۔ سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو بہترین کوالٹی کا بیماریوں سے پاک بیج ترجیحاً ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج دیا جائے کیونکہ معیاری بیج فصل کی بمپر پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور کسانوں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔ روس یوکرین جنگ کے تناظر میں یہ تاریخی زرعی پیکج وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس تنازعہ نے خوراک اور گیس کی سپلائی کو بری طرح متاثر کیا اور دنیا بھر کے کئی ممالک خصوصاً جنوبی ایشیائی ممالک میں کروڑوں لوگوں کی مشکلات کا اضافہ کیا ہے۔زراعت کا شعبہ ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جسے موجودہ حکومت نے اولین ترجیح دی ہے۔ یہ خوش آئند ہے کہ غریب کسانوں خصوصاً سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بلاسود پیداواری قرضے ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں گے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ اگر یہ پیکج بروقت تقسیم کیا جائے تو اس سے نہ صرف زرعی انقلاب آئے گا بلکہ پاکستان اپنی اضافی پیداوار بھی برآمد کر سکے گا۔