رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت) اجتماع کے آخری روز شرکاء کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ اجتماع میں شریک گل ولی خاں سکنہ راولپنڈی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگیا۔ اضافی وضو گاہوں پر رش رہا۔ امسال اجتماع میں ریکارڈ جماعتوں نے شرکت کی۔ آخری روز مقامی لوگوں کے ہاں مہمانوں کا پڑاؤ رہا۔ شرکائے اجتماع واپسی سے قبل تجارتی مراکز میں خریداری میں مصروف رہے۔ پولیس کی جانب سے مثالی ڈیوٹی سرانجام دینے پر حکام کی جانب سے اے ایس پی رائے ونڈ بلال محمود سلہری، اے سی رائے ونڈ حامد رشید اور ایس ایچ او ریلوے محمد صدیق کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ جبکہ عملہ صفائی کے بہترین انتظامات پر زونل آفیسر علی رضا، مہر محمد اسلم کو تبلیغی اکابرین کی جانب سے شاباش دی گئی۔ اجتماع کے دونوں مرحلے بخیریت ہونے پر انتظامیہ نے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ پنڈال بھر جانے کی وجہ سے ہزاروں افراد نے سڑک پر بیٹھ کر اختتامی دعا مانگی۔ ہزاروں اشکبار آنکھوں کیساتھ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے۔ اختتامی دعا سے قبل پنڈال میں سناٹا چھا گیا۔ اجتماع گاہ کو چاروں اطراف سے پولیس اور کمانڈوز نے گھیرے میں لیے رکھا۔ دعا کے بعد مقامی شہریوں کی طرف سے زائرین کے لئے پانی کی سبیلیں لگائی گئیں۔ پارکنگ میں ہزاروں گاڑیاں اپنے مسافروں کو لیکر واپس روانہ ہو گئیں۔
آخری روز شرکاء کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی راولپنڈی کا گل ولی خان انتقال کر گیا‘ اجتماعی دعا سے پہلے سناٹا
Nov 07, 2022