مظفر آباد،سری نگر(کے پی آئی) آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اتوار کو یوم شہدائے جموں عقیدت و احترام سے منایا۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب خصوصی تقریبات میں اس عزم کی تجدید کی گئی کہ کشمیری اپنے تاقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا کا مشن جاری رکھیںگے۔ یاد رہے نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسندوںنے جموں کے مختلف حصوں میں پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔کشمیر لبریشن سیل، حریت اور دیگر مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں ریلیاں، مظاہرے اور احتجاجی جلوس نکالے گئے ، آزاد جموں وکشمیر کے تمام تینوں ریڈیو اسٹیشنز اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کیے ۔آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں تمام مساجد میں بھارت کے ناجائز قبضے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ یوم شہدائے جموں کے سلسلے میں خصوصی تقریبات میں کشمیری رہنمائوں نے جموں کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ظالمانہ کارروائیوں کو روکے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرے۔ بھارتی فورسز نے جموں اور بانڈی پورہ میں تلاشی مہم کے دوران دوکشمیر نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روز بس اسٹینڈ جموں میں الطاف احمد ولد محمد اعظم نامی شہری کو گرفتار کر لیا۔
بھارت غیر قانونی قبضے والا کشمیر: دنیا بھر میں یوم شہدا جموں عقیدت و احترام سے منایا گیا، ریلیاں، مظاہرے
Nov 07, 2022