عمران مرضی کی ایف آئی آر چاہتے، شفاف تحقیقات ہونی چاہئے: کائرہ 

Nov 07, 2022


لاہور (نامہ نگار) وزیر اعظم کے مشیر برائے آزاد کشمیر، گلگت و بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ عمران خان ایف آئی آر اپنی مرضی کی کٹوانا چاہتے ہیں۔ مطالبات پر مذاکرات ہو سکتے ہیں شرائط پر نہیں۔ جمہوریت ڈائیلاگ سے چلتی ہے ڈیڈلاک سے نہیں، عمران خان بغیر ثبوتوں کے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شادمان میں پیپلز پارٹی کے رہنما اسلم گورداسپوری کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کل ملک میں بڑی گرما گرمی ہے۔ خان صاحب نے ماحول گرم کر رکھا تھا، اتنی گرد اڑائی گئی کہ اصل حقائق چھپ گئے۔ وزیر آباد میں ان کے ساتھ حادثے پر قوم فکر مند ہے۔ خان صاحب کی عیادت کرنی چاہئے۔ شکر ہے ملزم کو پولیس نے زندہ پکڑ لیا ہے۔ ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ اس واقعہ پر صبر کی بجائے ایک طوفان اٹھایا گیا ہے۔ حادثے پر سب نے افسوس کا اظہار کیا۔ دنیا بھر میں جنگوں کے دوران مذاکرات ہو رہے ہوتے ہیں۔ مارچز اور جلوسوں میں سکیورٹی فول پروف نہیں ہو سکتی۔ پنجاب میں حکومت آپ کی ہے۔ پولیس بھی آپ کی سکیورٹی کی ذمہ دار تھی۔ 

مزیدخبریں