حکمران، انسانیت، جمہوریت، انصاف کی پٹڑی سے اتر چکے: زبیر احمد ظہیر 


 لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے تحریک انصاف کے ساتھ تمام تر اختلافات کے باوجود ہمارا مطالبہ ہے عوام میں سب سے زیادہ مقبول لیڈر عمران خان پر ظالمانہ، سفاکانہ اور قاتلانہ حملہ، عظیم اور نڈر صحافی ارشد شریف شہید کے قتل اور اور اعظم سواتی کے ساتھ انتہائی شرمناک سلوک کے تمام کرداروں اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جن لوگوں نے ملک اور قوم کے خلاف یہ سازش کی ہے ان کو سرعام سزائیں دی جائیں، تاکہ آئندہ کسی کو ایسے بیہمانہ اقدام کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔ وہ گزشتہ روز مرکز توحید و سنت جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ لاہور میں عمران خان کی صحتیابی، ملکی سالمیت پاکستان کے استحکام اور بقاء کی اجتماعی دعا کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ لگتا ہے پی ڈی ایم حکمران انسانیت، جمہوریت اور عدل و انصاف کی پٹری سے پوری طرح اتر چکے ہیں کہ حکمران اپنے  بے رحمانہ کردار، غیر انسانی اور غیر قانونی طرز عمل سے وہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی کرنے کی بجائے عوام میں اپنے خلاف نفرت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو پاکستان کے عوام کے اجتماعی فیصلہ کے آگے جھکنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

ای پیپر دی نیشن