سواتی کبھی ججز ریسٹ ہائوس کوئٹہ میں نہیں ٹھہرے: ترجمان سپریم کورٹ


اسلام آباد (وقائع نگار) سپریم کورٹ آف پاکستان کے ترجمان نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی ایک پریس کانفرنس الیکٹرانک/ سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے کہ ان کے سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام کے دوران قابل اعتراض ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔ سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس، کوئٹہ کا انتظام اور نگرانی رجسٹرار آفس سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کر رہا ہے اور واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا ججز ریسٹ ہائوس، کوئٹہ صرف  سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز حاضر سروس اور سابق ججوں کے استعمال کے لیے ہے۔ واضح کیا جاتا ہے کہ محمد اعظم سواتی نے کبھی بھی سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں قیام نہیں کیا۔ تاہم، سپیشل برانچ، بلوچستان کے مطابق، اعظم سواتی نے مذکورہ دورے کے دوران بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی (جوڈیشل کمپلیکس کوئٹہ) میں قیام کیا، جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن