قیام پاکستان فقر کے آستانوں کے فیضان کا مرہونِ منت ہے ، حسین مقدسی 

Nov 07, 2022


راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان فقر کے آستانوں کے فیضان کا مرہونِ منت ہے جن کے درِ نیاز سے بلا تفریق سبھی فیض پاتے ہیں،پاکستان کی بنیاد لاالہ اور لاالہ کی بنیاد حسین ابن علی ہیں،اللہ کی وحدانیت کا ڈنکا بجانے کیلئے جادہ حسینیت اپنانا ہوگا۔وطنِ عزیز شیعہ سنی مکاتب نے مشترکہ جدوجہد سے حاصل کیا ، لہذا باہمی اتحاد ، یکجہتی اور یگانگت سے ازلی دشمن اور طاغوتی قوتوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے،قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پاکیزہ کردار اور اصولی موقف ملت جعفریہ کیلئے جادہ کامیابی و مشعل نور ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے حضرت بری شاہ لطیف پر حاضری و چادر پوشی کے بعد دربار عالیہ بری امام پر زائرین و عزاداروں اور اہلِ وطن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا نہوں نے باورکرایاکہ آغا حامد موسوی کا پیغام بھی وہی پیغامِ امن ومحبت تھا جو حضرت بری امام کا تھا جسے پوری امانت و دیانت کے ساتھ عام کرتے رہیں گے۔
 آغا مقدسی نے کہا کہ ہم نے خون دیکر اس گلشن کی آبیاری کی ہے اور اسی بری سرکار بدترین دہشتگردی کے سانحہ میں درجنوں لاشے اٹھائے لیکن دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جو بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتا تھا ۔ آغا مقدسی نے کہا کہ سانحہ بری امام 2005 کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ٹی این ایف جے کے سربراہ نے ملکی سیاسی صورتحال پرتشویش کااظہارکیا اورارباب حکومت وسیاست دانوں پر زوردیاکہ وہ ذاتی و جماعتی مفادات سے بالا ہوکر ملکی بقائ اوراستحکام کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ باہمی سیاسی تنازعات میںسلامتی کے ضامن اداروں کو ملوث کرنا افسوس ناک ہے ۔ علامہ مقدسی نے یہ بات زوردیکرکہی کہ اگرپاکستان ہے تو ہم ہیں لہذاہرشے پر قوم وملک کے اجتماعی مفادکوترجیح دیکر مشترکہ دشمن کی ہرسازش کو ناکام بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ طاغوتی قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں جنہیں اتحاد سے ناکام بنا یا جائے ۔ آغا حسین مقدسی نے پنجاب حکومت کے متنازعہ یکساں نصاب تعلیم کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسا نصاب تشکیل دیا جائے جو تمام مکاتب کیلئے قابل قبول ہو۔ درباربری امام پہنچنے پر سجادہ نشین مخدوم سیدنوازش علی نقوی،سید واجد علی نقوی، سید آفاق شاہ اور دیگر سجادہ نشینوں کے علاوہ مقامی عمائدین اوردربارکے خدام نے ان کاخیرمقدم کیا،اس موقع پرٹی این ایف جے کے رہنما علامہ بشارت حسین امامی، علامہ فخر عباس عابدی، علامہ سید ثقلین علی بخاری، علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی،علامہ سید قمر حیدر زیدی،سردار عبادت حسین شاہ، باوا سید فرزند علی شاہ،سید فیاض حسین شاہ،سید صغیر کاظمی، سید تاثیر حسین شاہ، الحاج غلام مرتضٰی چوہان،سید علی اجود نقوی، سید بو علی مہدی،سید نعیم کاظمی، سید رجب کاظمی، وقار کاظمی،راجہ وحید احمد، راجہ حمید حسنین، چوہدری آصف، سید غیور نقوی، سید نزاکت کاظمی،سید فرحت عباس،پروفیسر غلام عباس حیدری، ناظم کاظمی، عمار یاسر علوی، تبیان زیدی، سید بدر علی ترمذی، ایم ایچ جعفری، سید ثمر الحسن نقوی، راجہ ساجد حسین،شعیب بھٹی، راجہ علی عباس، سید مصیب عباس ،سید عقیل کاظمی اورٹی این ایف جے وذیلی شعبہ جات کے عہدیداران، بانیان مجالس ، ماتمی عزاداروں ، سجادہ نشین بھی ہمراہ تھے۔قبل ازیں والد بزرگوار بری شاہ لطیف سخی محمودبادشاہ کاظمی المشہدی آبپارہ پہنچنے پر سید جی ایم شاہ، راجہ اسرار، سید ثمر شاہ نے ٹی این ایف جے کے وفد کا پرتپاک استقبال کیااور اس موقع پر چادر پوشی گل پاشی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔سید الاولیا ئ حضرت سخی شاہ مزمل باد شاہ کاظمی المشہدی بھیکہ سیداں ایف الیون پہنچنے پر آغاسید محمد علی شاہ اورسادات بھیکہ سیداں نے آقائے مقدسی کا استقبال کیا، اس موقع پر علمِ مبارک کی زیارت ، دربارِ عالیہ پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں مرقد مبارک عالمِ ربانی رہبرِ تشیع قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی پرحاضری اور چادر پوشی کی گئی۔ اس موقع پر علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے خطاب میں خطِ موسوی پرقائم رہنے کے عہد کا اظہار کیا جبکہ علامہ سید قمر حیدر زیدی نے اپنے کلمات میں آقائے موسوی کی روحانیت بھری قیادت کو سپاسِ عقیدت پیش کیا ازاں بعد علامہ آغا سید مقدسی نے فاتحہ خوانی کی اور آقائے موسوی سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر زبردست نعروں کی گونج میں شرکائ نے آقائے موسوی سے محبت و عقیدت کا اظہار بھی کیا۔ٹی این ایف جے کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی راجہ نے تمام عمائدین اور عہدیداران اور میزبان شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں