برآمدات کو فروغ دےکر ہی ملکی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے، احسن بختاوری

Nov 07, 2022


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے تجارتی افسران پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ میں نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور برآمدات کو فروغ دے کر ہی ملک کی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات کی نئی مارکیٹیں تلاش کرنے کیلئے سرکاری اور نجی شعبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر کے دورے پر آئے ہوئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چین سالانہ دو کھرب ڈالر سے زائد کی درآمدات کرتا ہے لہذا پاکستان کیلئے چین کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ایک چائنہ سہولت ڈیسک قائم کرنا چاہتا ہے تا کہ چین کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں تاجر برادری کی مدد کی جائے لہذا ٹی ڈی اے پی اس ڈیسک قیام میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔
 جس سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان کیلئے آسیان اور افریقی ممالک کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں اور آئی سی سی آئی نے ان ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آسیان اور افریقی ممالک کے سہولت ڈیسک قائم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی ڈی اے پی مختلف ممالک کی مارکیٹ سٹڈی رپورٹس تیار کرے اور انہیں چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شیئر کرے تاکہ نجی شعبہ غیر ممالک میں ممکنہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں قائم پاکستان کے کمرشل سیکشنز کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئی منڈیاں تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی بیرونی ممالک میں پاکستان کیلئے تجارتی مواقعوں کے بارے میں نجی شعبے کو معلومات فراہم کرے ا ور انٹرنیشنل مارکیٹ میں منعقد ہونے والے تجارتی میلوں اورنمائشوں میں شرکت کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے جس سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر دوست محمدنے کہا کہ ان کا ادارہ بین الاقوامی نمائشوں اور وفود میں نجی شعبے کی شرکت کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا تا کہ کاروباری برادری پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی نجی اور سرکاری شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کرنا چاہتی ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے کاروباری مفادات کو ترقی دی جا سکے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے وفد کو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور انہیں کاروبار کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے کردار کے بارے میں بتایا۔

مزیدخبریں