رحیم یار خان (بیورورپورٹ) خواجہ فرید یونیورسٹی اف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دوسرے کانووکیشن کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی سربراہی میں انعقاد کیا گیا۔ کانووکیشن میں 1200 سے زائد طلبہ کو ڈگریوں سے نوازا گیا جب کہ 19 طلبہ نے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کئے۔ کانووکیشن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے گورنر پنجاب و چانسلر یونیورسٹی میاں بلیغ الرحمان کی نمائندگی کرتے ہوئے طالب علموں کو ڈگریاں دیں۔ کانووکیشن کے باضابطہ آغاز پرجلوس علمی نکالا گیا جو قطار میں چل کر پنڈال میں پہنچا۔ اس موقع پر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی،وی سی چولستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد خان، وی سی میر چاکر خان رند یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، وی سی یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلام اللہ خان، وی سی غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، وی سی یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، رکن قومی اسمبلی جاوید اقبال وڑائچ، سنڈیکیٹ ممبرز سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی سے پاس ائوٹ ہونے والے تمام طالب علم اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ کیمپس کے ماحول کو سر سبز بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پچاس ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ اس وقت یونیورسٹی میں 65 فیصد سے زائد پی ایچ ڈی فیکلٹی کام کر رہی ہے۔ انٹرنیشنل رینکنگز میں اس یونیورسٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ طلبا کی تعداد آٹھ ہزار سے بڑھ کر سترہ ہزار سے زائد ہو گئی۔طلبا کو ایک ارب روپے سے زائد کے سکالر شپس دئے گئے۔ سکالرشپ لینے والے طلبا کی تعداد میں 233 فیصد اور سکالر شپ کی رقم میں 1764 فیصد اضافہ ہوا۔ آخر میں مہمانوں اور منتظمین میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
خواجہ فرید یونیورسٹی کا کانووکیشن ،1200طلبہ کو ڈگریوں سے نوازا گیا
Nov 07, 2022