حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ(ضیائ) کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقدم جان کر ہرسیاسی جماعت کو دو دو قدم پیچھے ہٹنا چاہیے۔ اداروں کا احترام ضروری ہے اور ہر کسی کو پاکستان کی بہتری کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار وہ صحافی عامر وسیم سندھو کے والد میاں محمد شریف سندھو کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کر رہے تھے۔ محمد اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں جانی و مالی نقصان کی نوبت نہیں آنی چاہیے، موجودہ صورت حال میں جوبھی سانحہ وزیر آباد کا ذمہ دار ہے، اس کی صاف شفاف تحقیقات ہونی چاہیں۔ اس حملے سے فائدہ ملک دشمنوں کو ہوا جو پاکستان کے دفاع کو کمزور اور پاکستان کے نیو کلیئر پروگرام کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ ہمیں خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے بلکہ اس کا مناسب حل تلاش کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتی سمیت تمام معاملات آئین کی حدود میں رہ کر طے کئے جائیں۔ انھوں نے تجویز دی کہ فوری طور پر عبوری حکومت لا کر الیکشن وقت پر کروائے جائیں تاکہ سیز فائر ہو جائے اور دوسری جانب الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرکے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کاحق د یا جائے۔