راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) میانوالی ایئر بیس پر حملے میں ہلاک دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ روز میانوالی ایئر بیس پر 4 نومبر کے حملے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات منظر عام پر آگئے۔ حملے میں مارے جانے والے دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا ہے، جس میں RPG-7 ، AK-74 ، M-4 اور M-16/A4 والا اسلحہ امریکی ساخت کا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر امریکا کے تیار کردہ ہتھیار کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں اور دہشت گردوں تک ان کی رسائی انتہائی آسان ہے۔ امریکی ساخت کے ہتھیار افغانستان میں وافر مقدار میں موجود ہیں جو دہشت گرد پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرزمین کا استعمال اور امریکا کے افغانستان سے انخلا کے بعد دہشت گرد آزادانہ غیر ملکی ہتھیاروں کا استعمال کرتے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی ژوب کنٹونمنٹ پر حملے میں امریکی ہتھیاروں اور سازو سامان کا استعمال ہوا تھا۔ افغان حکومت کو اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکنا ہوگا۔