مقبوضہ کشمیر: یوم شہدا منایا گیا، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم: حریت کانفرنس

سرینگر (اے پی پی)جیلوں میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے جموں قتل عام کے شہدا کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا تنظیموں آر ایس ایس اور جن سنگھ کے ا نتہا پسندوں نے نومبر1947 کے پہلے ہفتے میں جموں خطے کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کو اس وقت شہید کیا جب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔ دنیا بھر میں کشمیری 6 نومبر کو یوم شہدائے جموں کے طور پر مناتے ہیں تاکہ ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ 1947 میں جموں میں مسلمانوں کا قتل عام تاریخ کشمیر کا سب سے ہولناک واقعہ ہے جس کی یادیں 75سال گزرجانے کے بعد بھی کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ مہاراجہ کی فورسز اور بھارتی فوج کی مدد اورسرپرستی میں ہندوجنونیوں نے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم عزائم کے تحت جموں خطے کی پوری مسلم آبادی کا صفایا کر دیا۔ انہوں نے اس قتل عام کو نسل کشی کی بدترین مثال قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی خطے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔ ایک اور حریت رہنما بلال احمد صدیقی نے سرینگر سینٹرل جیل سے اپنے پیغام میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائی ہندو مہا سبھا اور آر ایس ایس نے جموں خطے کے مختلف اضلاع میں تقریبا 5 لاکھ مسلمان مردوں، خواتین، نوجوانوں اوربزرگوں کا منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا تاکہ جموں خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ یہ بدترین قتل عام بھارتی حکمرانوں کی مکمل سرپرستی اورڈوگرہ فورسزکی حمایت اورمنصوبہ بندی سے انجام دیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت آج مقبوضہ علاقے بالخصوص وادی کشمیر میں 1947جیسا قتل عام دہرانے میں مصروف ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔جموں وکشمیر پیپلز لیگ اورجموں وکشمیر پیرپنجال فریڈم موومنٹ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...