نام نہاد سیاسی مخالفین ملکر بھی شکست نہیں دے سکتے، وزیراعظم لاہور سے نہیں ہوگا، بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے جیالے امیدواروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر مرتضی وہاب، سلمان عبداللہ مراد اور ڈپٹی میئر سکھر ارشد مغل کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ کراچی سمیت پورے سندھ نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ایک بار پھر شکست دے دی۔ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، اب انشاءاللہ 8 فروری کو بھی پیپلز پارٹی کی جیت نوشتہ دیوار ہے۔ نام نہاد سیاسی مخالفین اکٹھے بھی ہو جائیں ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔ اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیر اعظم منتخب نہیں کریں گے۔ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو نے گزری سٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ (کراچی کے) بلدیاتی انتخابات فروری کے الیکشن کا ٹریلر ہیں۔ ملک کو معاشی مسائل، غربت اور مہنگائی سے نجات دلانی ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت ہی غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی جماعت کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔ ہم اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔ اب ہم بلدیاتی اور صوبائی کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔ 8 فروری کو ثابت کردیں گے، فتح صرف تیر کی ہوگی۔ مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہے۔ آئین صدر مملکت کو الیکٹرول کالج مکمل ہونے تک عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیتا ہے، مگر صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ان کا ٹرائل کرانا چاہئے۔ ن لیگ آج مطالبہ کررہی ہے مگر ہم تو ابتدا ہی سے یہ کہہ رہے ہیں، 15 ماہ میں صدر کے خلاف کیوں کچھ نہیں کیا گیا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ امریکہ نے جو ہتھیار افغانستان میں چھوڑے وہ کچے کے ڈاکو¶ں اور دہشتگردوں کے ہاتھ آئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ترقیاتی سکیموں پر پابندی لگائی ہے مگر پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ہمارے بھائی محسن نقوی کی درخواست پر تو ایک دن میں ہی آٹو پر اجازت مل جاتی ہے مگر سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی۔ سندھ کے ساتھ سوتیلے جیسا سلوک ہورہا ہے۔ جو 9 مئی واقعات میں ملوث نہیں انہیں رہا ہونا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن