لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواستوں پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے پاکستان ریلویز سے اس بابت تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت میں وفاقی سیکرٹری خزانہ کی طرف سے عمل درآمد رپورٹ پیش کر دی گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل تنویر قریشی نے رپورٹ پیش کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ30 درخواست گزاروں کو وزیر اعظم ریلیف پیکج دے دیا گیا ہے۔ عدالت نے وفاقی سیکرٹری خزانہ کو نوٹیفکیشن جاری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے درخواستوں پر سماعت کی۔ ریلوے ملازمین سعید احمد اور دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جس میں کہا گیا کہ 2006 میں وزیر اعظم کی جانب سے وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لیے پیکج کا اعلان کیا گیا۔ پیکج کے مطابق دوران ملازمت وفات پانے والے ملازم کے ایک بچے کو نوکری دی جائے گی۔ پیکج کے مطابق وفات پانے والے کے لواحقین کو ایک پلاٹ اور شادی کے لیے آٹھ لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ محکمہ ریلوے اس پیکج پر عملدرآمد نہیں کر رہا۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے۔