لاہور (خبرنگار) انسداد دہشتگری عدالت کے جج ارشد جاوید نے خدیجہ شاہ کی راحت بیکری کے باہر جلاو گھیراو کے مقدمے میں درخواست ضمانت ایڈمن جج کو بھجوا دی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں خدیجہ شاہ کا چالان ایڈمن جج کی عدالت میں جمع ہوچکا ہے لہذا یہ عدالت ضمانت کی درخواست ایڈمن جج کو ٹرانسفر کر دے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے استدعا منظور کرلی۔ دوسری طرف اشتعال انگیز ٹویٹ کرنے کے مقدمے میں خدیجہ شاہ نے رہائی کے لیے درخواست ضمانت دائر کر دی۔ خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مقامی عدالت نے جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا تھا اور اب جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہوں۔ خدیجہ شاہ نے استدعا کی کہ عدالت ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔ سیشن عدالت نے سات نومبر کو ایف آئی اے سے خدیجہ شاہ کے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
جلاو گھیراو، خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت ایڈمن جج کو بھجوا دی گئی
Nov 07, 2023