کابل ( نوائے وقت رپورٹ ) امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اخوند نے دورہ ایران کے دوران وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ملا عبدالغنی برادر اخوند نے ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور ایران تاریخی لحاظ سے دو دوست اور پڑوسی ملک رہے ہیں جن کے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں، ان تعلقات کو فروغ دینا ضروری ہے، اس کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ملا عبدالغنی برادر آخوند نے ایران کے ذریعے افغانستان میں ایرانی سرمایہ کاری میں اضافے، افغانوں کو ویزے کے اجراءمیںضروری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایران میں مقیم افغان مہاجرین کے مسائل کے حل اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان ایران کے ذریعے افغان برآمدات اور درآمدات کو بڑھانا چاہتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ایران میں افغان مہاجرین کے مسائل اور ایرانی سرمایہ کاروں کی افغانستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کرائی۔