پاکستان سپورٹس بورڈ کے اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات

Nov 07, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔پی ایس بی نے ایسوسی ایشن کو ایک خط میں پانچ اہم نکات اجاگر کیے ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پی ایس بی کی جانب سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد عابد قادری گیلانی کو لکھے گئے خط میں آئینی ترامیم کی شفافیت پر سوال اٹھایا گیا ہے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود آئین 2019 کا ہے جبکہ انتخابی قواعد میں ایسی ترامیم کا ذکر ہے جن کا کوئی ریکارڈ یا واضح وضاحت موجود نہیں۔ پی ایس بی نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی یا ترمیم شدہ دستاویز کو فوری طور پر شائع کیا جائے۔ ایک اور اہم نکتہ جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی کی غیر موجودگی ہے۔ پی ایس بی نے دسمبر 2023 اور جولائی 2024 کی جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی ویب سائٹ پر نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی ہے اور ان میٹنگز کی کارروائی کو فوری شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پی ایس بی نے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹورل کالج کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سید عابد قادری گیلانی نے کہا کہ معاملے پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں خط کے نکات کا جواب دیا جائیگا، ایسوسی ایشن کے تمام امور آئین کے مطابق ہیں۔

مزیدخبریں