چیمپئینز ٹرافی؛ شیڈول کا اعلان اگلے ہفتے کئے جانے کا امکان

Nov 07, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلہ میں آئی سی سی کے اعلیٰ سطح کے وفد کا آئندہ ہفتے پاکستان آنے کا پلان ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے وفد کا 10 سے 12 نومبر تک لاہور کے شیڈول کا پلان ہے، وفد چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لے گا، انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کچھ افراد کے پہلے پاکستان آنے کا بھی امکان ہے۔وفد کی موجودگی میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد بھی ہو گا، ممکنہ طور پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور دوسری تفصیلات کے اعلان کا بھی امکان ہے، چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول ممبر ممالک سے پہلے ہی شیئر کیا جا چکا ہے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر 11 نومبر کو ہونے والی تقریب میں اہم شخصیات اور کرکٹرز کو دعوت دی جائیگی، وفد کی آمد اور تقریب کے حوالے سے تفصیلات طے کی جا رہی ہیں، تفصیلات طے ہونے کے بعد حتمی شکل دی جائیگی۔ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری 2025 سے پاکستان میں شیڈولڈ ہے، چیمپئنز ٹرافی کے میچز تین وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی پر کھیلے جائیں گے۔مجوزہ شیڈول کے مطابق چیمپئینز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک ہو گا، 12 سے 18 فروری تک سات دن کا وقفہ 'سپورٹ پیریڈ' کے طور پر مختص کیا گیا ہے، جس میں ٹیمیں وارم اَپ میچز میں حصہ لیں گی جبکہ میڈیا اور تشہیری سرگرمیاں رکھی گئی ہیں۔10 مارچ کو فائنل کیلئے ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا جائیگا جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، لاہور فائنل سمیت 7 میچوں کی میزبانی کریگا، کراچی کا نیشنل سٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل جبکہ راولپنڈی دوسرے سیمی فائنل سمیت 5 میچوں کی میزبانی کریگا، سیمی فائنلز 5 اور 6 مارچ کو ہوں گے اور فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

مزیدخبریں