لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ کل ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی جگہ جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس پاکستان کیخلاف آئندہ تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے وائٹ بال ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ وہ آخری ون ڈے میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔پاکستان کیخلاف جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ سے آسٹریلیا کے کئی سینئر کھلاڑی مارنس لابوشین، سٹیوسمتھ، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کھیلنے سے محروم رہیں گے کیونکہ انہیں بھارت کیخلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں حصہ لینا ہے۔ نائب کپتان مچل مارش کی عدم دستیابی اور پیٹ کمنز کے بارڈر گواسکر ٹرافی میں شریک ہونے کی وجہ سے جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جنہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کا تجربہ ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے کپتان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوش انگلس ون ڈے اور ٹی20 سکواڈ کے لازمی رکن ہیں انہیں آسٹریلیا اے سمیت ڈومیسٹک میں کپتانی کا تجربہ ہے۔ تاہم سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باعث تیز گیند باز زاویئر بارٹلیٹ اور سپینسر جانسن کو وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ کیساتھ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔لانس مورس کو میلبورن میں ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے شیفلڈ شیلڈ کا میچ کھیلا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جوش ہیزل ووڈ پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے کیلئے دستیاب ہیں۔جوش انگلس آسٹریلیا کے 30 ویں ون ڈے اور 14 ویں ٹی ٹونٹی کپتان ہوں گے۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ کیلئے آج بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ فاسٹ بائولر نسیم شاہ انجری سے مکمل فٹ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نسیم شاہ نے مکمل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور بائولنگ بھی کی، انہیں کسی تکلیف کا سامنا نہیں ہے۔نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ٹیم کو دستیاب ہیں۔
پاکستان کیخلاف دوسرا ون ڈے کل‘کپتان کمنز سمیت 5 آسٹریلوی کرکٹرز تیسرے میچ سے آؤٹ
Nov 07, 2024