صوبائی وزیر اقلیتی امور ‘ سیکرٹری داخلہ پنجاب کا ننکانہ صاحب کا دورہ

لاہور+ننکانہ صاحب(نیوز رپورٹر+نامہ نگار) بابا گورو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کے ہمراہ گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔شہر اور گردوارہ کے داخلی خارجی راستوں اور اہم مقامات پر جا کر ہدایات دیں۔ ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری 13 تا 16 نومبر ننکانہ  میں ہونگے جس کے بعد یاتری فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی پہچان ہے اور اس بار بھی اپنے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی سی تسلیم اختر راؤ، ڈی پی او سید ندیم عباس اور سکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی ہمراہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن