حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھر پورکارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حامد ناصر گورائیہ نے موٹر وے ایم ٹو، ایم فور ، پنڈی بھٹیاں ، کوٹ سرور سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انسداد سموگ سرگرمیوں اور کاروائیوں کاجائزہ لیا۔فصلوں کی باقیات جلانے والوں ،دھواں چھوڑنے والے بھٹوں ، فیکٹریوں اور گاڑیوں کے مالکان کو اب تک مجموعی طو رپر 97 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔ باقیات جلانے پر 19کسانوں پر مقدمات بھی درج کر وائے گئے ۔ اس موقع پر انکاکہنا تھا کہ کسان ، زمیندار اپنی فصلوں کی باقیات کو جلانے کی بجائے جدید زرعی مشینری کا استعمال کریں تا کہ انہیں فصلوں کی باقیات کو جلانے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی چلنے والے بھٹوں کو مجموعی طورپر 15لاکھ روپے جرمانہ ، 18بھٹوں کو سیل کیا گیا۔ دھواں چھوڑنے والی متعدد فیکٹریوں کو 28لاکھ روپے جرمانہ اور 2فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کے نتیجہ میں 423گاڑیوں کو بند کر تے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو مجموعی طور پر 36لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔