رائے ونڈ( این این آئی)عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج جمعرات سے شروع ہوگا، ملک کے مختلف مقامات سے مندوبین کی آمد کا سلسلہ گزشتہ روز ہی شروع ہو گیا ،سپیشل ٹرین کراچی سے ہزاروں مندوبین کو لے کر آج رائے ونڈ پہنچے گی ۔تفصیلات کے مطابق عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج (جمعرات)کو رائے ونڈ پنڈال میں شروع ہو گا۔دوسرے مرحلے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں دوسرے مرحلے میں کراچی،فیصل آباد،سوات،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں سے مندوبیں شریک ہوں گے۔ اجتماع امیر جماعت مولانا نذر الرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہو کر اتوار کی صبح اختتامی دعا مولانا محمد ابراہیم دیولا کی اختتامی دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔بھارت اور بنگلہ دیش سے تبلیغی اکابرین رائے ونڈ پنڈال گاہ میں موجود ہیں جبکہ 65سے زائد ممالک کے مندوبین اجتماع میں شرکت کیلئے پنڈال پہنچ چکے ہیں ۔ملک بھر سے مندوین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اجتماع گاہ میں سلنڈر سمیت آتشگیر مادہ لانے پر سختی سے پابندی عائد ہے،شرکا ء اجتماع کو واک تھرو گیٹ کے ذریعے گزارا جارہا ہے،اجتماع گاہ کی حفاظت کیلئے پولیس سمیت حساس اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں ۔امسال اجتماع میں شرکا ء کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر وسیع ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ریلوے حکام کی جانب سے کراچی سے رائے ونڈ کیلئے خصوصی ٹرین چلائی گئی ہے،ریلوے حکام کی جانب سے مندوبین کی سہولیات کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ،ریلوے پولیس،پنجاب پولیس،بم ڈسپوزل سکواڈ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،لیسکو،ایم سی ایل سمیت دیگراداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ کااغاز آج ،مندوبین کی آمد شروع
Nov 07, 2024