لاہور (لیڈی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کے تدارک کیلئے کرونا طرز کے اقدامات کرنا ہو ں گے، سکولز کو آن لائن کیا ہے چھٹی نہیں دی، پچاس فیصد سٹاف گھروں سے کام کرے گا، شہری ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کیلئے کام کررہے ہیں، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 1100 سے تجاوز کر چکا ہے، ائیرکوالٹی انڈکس پانچ سو تک رہا جو بہت خطرناک ہے، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے پاکستان آنے والی تیز ہوا سے لاہور میں آ لودگی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک گلے کی خرابی کے 900 مریض لاہور کے ہسپتالوں میں داخل ہو چکے ہیں، ہم اس وقت ہوا نہیں بلکہ میتھین گیس کو سانس کے ذریعے لے رہے ہیں، مختلف محکموں کو سموگ پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹس دیئے گئے ہیں جن میں شعبہ ایجوکیشن، صحت اور زراعت سمیت دیگر محکمے شامل ہیں، لاہور میں سموگ وار روم میں ڈیٹا مانیٹر کرہے ہیں جس کی نگرانی وزیر اعلی مریم نواز شریف خود کر رہی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے پرائمری سکولز کو بند کیا تھا، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں سکولز ہائر سکینڈری تک بند کررہے ہیں جبکہ سکولز آن لائن کلاسز پر ہوں گے چھٹی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کا ائیرکوالٹی انڈکس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائیویٹ اور پبلک آفسز کو 50فیصد گھروں سے کام کرنا ہوگا جبکہ سرکاری دفاتر میں میٹنگز صرف آن لائن ہوں گی، کسی اور دفتر جانے کے بجائے میٹنگز زوم پر ہوں گی اور اس فیصلے کا اطلاق 17نومبر تک ہوگا۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق محکمہ تعلیم اور ڈی جی ماحولیات پنجاب نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بارہویں جماعت، اے لیولز تک بند رہیں گے۔ تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے۔ فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب،گوجرانوالہ، گجرات، حافظہ آباد، منڈی بہاء الدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھران، وہاڑی، خانیوال میں سکولز بند رہیں گے۔ سکولز بند رہنے کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا۔ نیٹ نیوز کے مطابق ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان ڈویژنز میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق31 جنوری تک سموگ سے متاثرہ علاقوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ باہر نکلتے ہوئے ماسک پہننے کی پابندی کی جائے گی۔