لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف نے دوحہ میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت کر تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا۔ 42 سالہ کیوئسٹ محمد آصف نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی اور کوالیفائنگ راؤنڈجیتنے کے بعد مین راؤنڈ اور پھر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔فائنل میں آصف کا مقابلہ ایران کے پلیئر علی غاراگوزلو سے تھا۔ بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم آصف نے 25-70 کے سکور سے اپنے نام کیا، دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ ایک۔ ایک سے برابر کیا۔ تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے سکور کیساتھ جیت کر میچ میں دو ایک کی برتری لی، چوتھے فریم میں آصف نے حریف کو ایک گیند بھی پوٹ کرنے کا موقع نہ دیا اور 106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر سکور اپنے حق میں تین ایک کردیا ۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔ پانچویں فریم میں بھی آصف نے 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس کیساتھ کامیابی حاصل کی۔چار ایک کے خسارے کے بعد ایرانی کیوئسٹ نے چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کے بریک کیساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا۔یہ محمد آصف کے کیرئیر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل ہے۔ وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔ 2024 کی چیمپئن شپ جیت کر انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا ریکارڈ برابر کردیا ، محمد آصف 3 انفرادی ٹائٹل کے علاوہ 2 ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور وہ پاکستان کے کامیاب ترین کیوئسٹ ہیں۔
محمد آصف نے تیسری مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی
Nov 07, 2024