آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا

Nov 07, 2024

اسلام آباد؍ ریاض (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر جو کہ اس وقت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران آرمی چیف نے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی جنہوں نے جنرل عاصم منیر کا شاہی محل پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں معززین نے علاقائی امن، دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر جامع بات چیت کی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے لیے مستقل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ معززین نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ معاون وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللہ، رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف ائیر چیف مارشل فیاض بن حمید بن رقیب الرویلی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

مزیدخبریں