وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دوسرے دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ادھر ایران نے بھی ٹرمپ کی کامیابی پر محتاط انداز میں تبصرہ کیا ہے۔ ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات سے ایرانی عوام کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، امریکی انتخابات ہمارے معاملات نہیں ہیں، ہماری پالیسیاں مستقل ہیں اور افراد کے مطابق تبدیل نہیں ہوتیں، ہم نے ضروری پیش بینی کر لی ہے اور عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے کامیاب ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے حماس رہنما سمی ابو ذوہری نے کہا کہ ٹرمپ کو ان کے بیانات کے حساب سے جانچا جائے گا کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ وہ بطور امریکی صدر غزہ جنگ کو چند گھنٹوں میں روکیں گے۔ حماس پولیٹیکل بیورو کے ممبر باسم نعیم نے کہا کہ صیہونی ریاست کی اندھی حمایت ختم ہونی چاہیے کیونکہ یہ حمایت ہمارے لوگوں کے تاریک مستقبل اوراس خطے کی بربادی کی شکل میں قیمت ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ڈونلڈٹرمپ کوتاریخی کامیابی پرمبارکباد
Nov 07, 2024