مقدمات کی تفتیش میں نقائص چھوڑنے والے پولیس افسروں کیخلاف کارروائی کاحکم 

Nov 07, 2024

لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔امن و امان کی صورتحال سمیت اہم پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے متعلقہ افسران کو محکمہ پولیس کیلئے متعارف کروائے گئے’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘پرمن و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل افسران اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں۔انہوں نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کومنشیات کے مقدمات کی تفتیش میں نقائص چھوڑنے والے پولیس ملازمین کیخلاف کارروائی کا ٹاسک سونپ دیا۔ ایس ایس پی آپریشنزکو منشیات فروشی کے خاتمے کیلئے خصوصی کریک ڈاؤن کی ہدایات بھی جاری کیں۔ بہترین کارکردگی پر انچارج انوسٹی گیشن فیکٹری ایریاشرجیل اعوان کوتعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش انعام دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے پولیس افسران کو عدالتوں میں بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش مقدمات کے چالان رپورٹس محنت سے تیار کریں،کوئی قانونی سقم نہیں رہنا چاہئے۔ سپروائزری افسران کو بینکوں کی سکیورٹی چیکنگ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر وزٹس کرنے اور ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔پولیس سافٹ وئیرہوٹل آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا تے ہوئے مطلوب مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں