لاہور(کامرس رپورٹر ) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے حکومت پر زور دیا وہ صنعتی پیداوار میں درپیش چیلنجز کو کم کرنے اور ان پر قابو پانے کیلئے تجارت اور صنعت کیلئے ایک جامع، موثر اور کثیر شعبہ جات پر مشتمل ونٹر پیکج کا اعلان کرے۔ صنعتوں کو برآمدی منڈیوں میں مسابقت کے ذریعے برآمدی اہداف کو پورا کرنے کیلئے سہولت، ترغیب اور لاگت میں کمی کرنیوالے پا لیسی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ فیڈریشن کا ونٹر پیکیج کے سلسلے میں ایکسپورٹ پر مبنی صنعتوں کیلئے بنیادی مطالبہ بجلی کا ٹیرف 20روپے فی کلو واٹ آورکرناہے کیونکہ اس وقت پاکستان میں پیداواری لاگت اور کاروبار کرنے کی لاگت کو بڑھانے میں سب سے بڑا حصہ مہنگی بجلی کا ہے۔ حریف ممالک کے مقابلے میں خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی بھی پاکستان میں ہی ہے۔