لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے کہا پہلی سہ ماہی میں محصولات کے ہدف کے حصول میں ناکامی کی وجہ سے500ارب کے منی بجٹ کی بازگشت ہے ،جب تک حکومت بیورو کریسی کے تجویز کردہ اقدامات پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کریگی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ حکومت ایف بی آر پر اعتماد کے حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کسی ایک شہر میں سروے کرا لے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا سرپلس آمدنی کی خوشی بھی جلد مانند پڑ جائیگی کیونکہ بلند ترین شرح سود کی وجہ سے ہے ، جیسے جیسے شرح سود نیچے آرہا ہے مستقبل میں یہ صورتحال دوبارہ نہیں ہو گی۔