لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنائے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں خواتین کی معاشی خودمختاری کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدر محمد علی میاں، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فردوس نثار، آمنہ رندھاوا ، خرم لودھی ، عامر علی ، شعبان اختر اور احساس فار لائف کے وسیم حسن نواز نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا خواتین ہمیشہ معاشرت اور قوم کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی آئی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی خواتین کی خدمات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ چاہے دیہات سے ہوں یا شہری علاقوں سے، ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کے برابر کام کر رہی ہیں۔ کسی بھی ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کیلئے اس کی افرادی قوت پر توجہ دینا ضروری ہے۔