لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت لاہور یوتھ فیسٹیول 2024 کے میگا ایونٹس کے انعقاد و انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ سیکرٹری سپورٹس و یوتھ افیئرز پنجاب مظفر خان نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر لاہور کی جانب سے ضلعی و کینٹ انتظامیہ لاہور، محکمہ سپورٹس، ایم سی ایل، ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس کو انتظامی فرائض تفویض کر دئے گئے۔ کمشنر نے کہا لاہور یوتھ فیسٹیول 2024 کا انعقاد 8 تا 10 نومبر ہوگا، یوتھ فیسٹیول کے تحت 30 کلومیٹر کی سائیکلنگ ریس 9 نومبر کو ہوگی۔ یوتھ فیسٹیول کے تحت 12.4 کلومیٹر میرا تھون ارفع کریم ٹاور تا فورٹریس 10 نومبرکو ہوگی۔ 10 نومبر کو 3.9 کلو میٹرفن ریس فورٹریس سے شروع ہوگی۔دریں اثناء زید بن مقصود و سیکرٹری ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیرانور کی زیر صدارت گرین رنگ سموگ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گرین رنگ لاک ڈاون ایریا میں کمرشل جنریٹرز کو سختی سے چیک کیا جارہا ہے۔