اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔ وکلاء صفائی کی 35 گواہوں پر جرح مکمل ہوئی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مزید شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے۔ عدالت نے بانی پی ٹی ائی اور بشریٰ بی بی کے342 کے بیان کے لیے8 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔8 نومبر کو عدالت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 342 کے بیان کے سوال نامے فراہم کرے گی۔ بشریٰ بی بی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئی۔ سینئر سول جج عباس شاہ کی عدالت نے جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیس میں گرفتار اینٹی کرپشن سرکل کے پی کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر صدیق کو جوڈیشل کر دیا۔ گذشتہ روز چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ایف آئی اے نے ملزم عمر صدیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی، عدالت نے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔