لاہور(نامہ نگار)لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 24 گھنٹوں میں 14 مقدمات درج کرتے ہوئے10 افراد کوگرفتارکرلیا گیا۔421 افراد کو 7 لاکھ 36 ہزار روپے کے جرمانے عائدکئے گئے ۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی 17، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 329، صنعتی سرگرمی پر 2، اینٹوں کے بھٹوں کی 8 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔زیادہ دھواں چھوڑنے والی 5116 گاڑیوں کے چالان،511 کو بند،ایک گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز، زرعی سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب قانون شکنوں کے خلاف زیروٹالرینس کے تحت سخت کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔علاوہ ازیںسٹی ٹریفک پولیس لاہور نے چوبیس گھنٹوں میں 11 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے اورسینکڑوں گاڑیاں بھی بند کردیں۔دھواں چھوڑنے والی 434 گاڑیوں کو8 لاکھ 68 ہزار جرمانہ،بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 85 گاڑیوں کو2 لاکھ جرمانہ عائد کئے گئے۔انتہائی خست حال 184 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کروایا گیا۔جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس رکھنے پر5 گاڑیوں کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن کیلئے ٹریفک پولیس،محکمہ ماحولیات اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کی 6 مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں۔سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں آگاہی لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے۔آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے بھی ای چالاننگ کی جارہی ہے۔
سموگ:لاہوردیگر اضلاع میں کریک ڈائون‘10گرفتار‘ لاکھوں روپے جرمانہ
Nov 07, 2024