عوامی رابطہ مہم 16 نومبر سے شروع، لاہور میں بڑا ورکرز کنونشن، بلاول خطاب کریں گے: حسن مرتضیٰ 

لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ 16نومبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے جا رہے ہیں، لاہور میں بڑا ورکرز کنونشن کریں گے جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن کام کی لگن لے کر نکلے ہیں۔ وہ پیپلز ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر خیام حفیظ کے گھر پارٹی پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ 30 نومبر کے یوم تاسیس کے حوالے سے موبلائزیشن شروع کر دی ہے اور تمام اضلاع میں پارٹی موبلائزئشن اور پرچم لہراؤ مہم جاری ہے۔ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ہے ہمیں سمجھ ہی نہیں آئی کہ وہ کس کا سیاسی ونگ ہے۔ کہا جاتا تھا کہ ٹرمپ صاحب جیتیں گے تو پاکستان کے حالات آکر بدلیں گے۔ کل تک کہتے تھے امریکہ کی سازش کی وجہ سے تبدیلی آئی اور عمران خان کی حکومت گئی، آج کہتے ہیں ٹرمپ تب تک حلف نہیں لے گا جب تک عمران خان رہا نہیں ہو گا۔ عمران خان کی رہائی عدالتی کام ہے کسی ڈیل یا ڈھیل پر انہوں نے باہر نہیں آنا نہ کسی باہر کے اشارے پر۔ تاہم آئین اور قانون کے مطابق ان کو ریلیف ملنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اگر کوئی کام کرتی ہیں تو آئینی عہدے کی ذمہ داری ہے کہ ان کو آئینی معاملات کے حوالے سے بتائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ کسی کام میں نمبر ون پر آئے، الزام لگایا جا رہا ہے کہ دہلی سے سموگ آرہی ہے تو وہاں سموگ کیوں کم ہے؟۔ حکومت جواب دے کہ انہوں نے اس کے لئے کیا اقدامات کیئے ہیں؟ کتنی گاڑیاں اور رکشے ای ٹیکنالوجی پر لے کر گئے۔

ای پیپر دی نیشن