اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ملک میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت کو اہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے کراچی- پشاور موٹر وے کے سکھر-حیدرآباد سیکشن (ایم چھ) کی تعمیرکیلئے بینک کی مالی معاونت پر غور کرنے کی تجویز دی ہے جس سے کراچی سے پشاور تک موٹر وے نیٹ ورک مکمل ہوگا۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر کانسٹنٹین لیمیتووسکی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں پاکستان میں بینک کے جار وپائپ لائن و پورٹ فولیو اور پاکستان میں نئے مالیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر اقتصادی امور ڈویڑن کے سیکرٹری بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے بینک کی جانب سے مسلسل تعاون بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران معاونت پر بینک کے نائب صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں بینک کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کا حجم بڑھنے پر بینک کو پاکستان میں اعلیٰ سطح پر موجودگی کو بڑھانا چاہیے۔
ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر کی احد چیمہ سے ملاقات
Nov 07, 2024