خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا ہاوس حملہ کیس میں آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد کے انسپیکٹر جنرل کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس شیلنگ اور تشدد کیا گیا۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کیخلاف بھی رٹ پٹیشن دائر کرنے کی منظوری دی۔ صوبائیمشیراطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پشاور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخوا ہاؤس پر حملے کی ایف آئی آر انسپٔیکٹر جنرل اسلام آباد کے خلاف درج کی جائے گی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، فرنیچر توڑا گیا، سرکاری اہلکاروں کو ہراساں کیا گیا جبکہ ایم پی ایز کی فیملیز پر تشدد بھی کیا گیا، خیبر پختونخوا میں آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کیخلاف پشاور میں مقدمہ کے اندراج کے حوالے سے وضاحت کی کہ قاضی فائزعیسیٰ کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف لاہور میں جبکہ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے لندن میں قتل کی ایف آئی آر پاکستان میں درج ہو سکتی ہے تو یہ تو پھر بھی ایک صوبے کی بات ہے۔
خیبرپختونخوا: آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ
Nov 07, 2024 | 17:31