وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ متفقہ طورپرکیا تھا ، اپنے منشور پرعمل نہ کرنے والی پارٹیاں کامیاب نہیں ہوتیں۔   

Oct 07, 2010 | 09:56

سفیر یاؤ جنگ
وہ قومی اسمبلی میں برطرف ملازمین کی بحالی کے حوالے پاس ہونے والے بل کے بارے میں خطاب کررہے تھے ۔ اس بل کے خلاف مسلم لیگ نون کے ارکان نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ۔ وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں محترمہ بینظیربھٹواورمسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف نے لوگوں کو روزگار دینے پرزوردیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا تو منشور ہی لوگوں کو روزگاردینا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پارٹی منشور پرعمل کرتے ہوئے برطرف ملازمین کو بحال کیا ہے ۔ محترمہ بے نظیربھٹو کو پی آئی اے میں نوکریاں دینے پر نیب مقدمات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ خود انہیں اسی الزام میں قید کاٹنا پڑی مگرہم پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ نوکریاں دینا یا برطرف ملازمین کو بحال کرنا جرم ہے تو وہ یہ جرم کرتے رہینگے۔ وزیراعظم کا مزيد کہنا تھا کہ جہاں تک کورم کے بغیربل کی منظوری کی بات ہے تو ایسے نیک کام کیلئے کورم یا تعداد کی بجائے نیک نیتی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا جو ارکان موجود تھے ان کی اہلیت پرغیرموجود ارکان کو شک نہیں کرنا چاہیے ۔   
مزیدخبریں