لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چودھری نثار علی خاں نے کہا ہے کہ عمران خان کا وزیرستان مارچ ڈرامہ اور سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ چند ماہ اپنی سیاسی ساکھ برقرار نہ رکھ سکنے والے عمران خان جواب دیں کہ ڈرون حملے تو شمالی وزیرستان میں ہو رہے ہیں ان کا جنوبی وزیرستان جانے کا کیا مقصد ہے یہ پروگرام خاموشی سے کیسے تبدیل ہو گیا نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم یہ نہیں بھولی کہ عمران خان نے شمالی وزیرستان جانے کا اعلان کیا تھا سوال یہ ہے کہ اب چپکے سے انہوں نے پروگرام کیوں اور کیسے تبدیل کیا؟ یہ تو ایسے ہی ہے کہ مارچ دہلی تک کرنے کا اعلان کیا جائے اور واہگہ بارڈر پر جواب دیئے جائے۔ قوم مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور ناانصافی کا شکار ہے جبکہ ”سونامی لیگ“ نت نئے ڈراموں سے قوم کو بے وقوف بنا رہی۔ لگتا ہے کہ جنرل (ر) شجاع پاشا اب بھی پیچھے سے ”سونامی لیگ“ کی ڈوری ہلا رہے ہیں ڈراموں سے گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بحال نہیںکیا جا سکتا۔ عمران خان کے پاس ویژن ہے نہ پالیسی اور نہ ہی پاکستان کو مسائل و مشکلات سے نکالنے کا کوئی حل۔ عمران خان عسکرت پسندی، دہشت گردی اور ڈرون حملوں جیسے گھمبیر مسائل کا جو حل دے رہے ہیں اس سے ان کی غیر سنجیدگی بلکہ بچگانہ سوچ ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ قوم کو یہ بتائیں کہ ان کے نام نہاد مارچ سے ڈرون حملے کیسے بند ہوں گے؟ خطے میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی کس طرح آئے گی؟ کیونکہ طالبان تو پہلے ہی عمران خان کو یہود و نصاریٰ کا ایجنٹ قرار دے چکے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ جنوبی وزیرستان کی طرف ”مارچ“ کا سارا منصوبہ حقائق سے نابلد اور منتشر ذہن کی تخلیق ہے اس سے ڈرون حملوں میں کوئی فرق آئے گا نہ ہی عسکریت پسندی میں کمی ہوگی اور نہ ہی عمران خان اور سونامی لیگ کی گرتی ساکھ کو سہارا مل سکے گا۔