لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ مجید نظامی کو پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنے پر اُن کے دفتر میں آ کر مبارکباد پیش کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا پاکستان، نظریہ پاکستان اور صحافت کیلئے آپ کی کاوشوں پر اہل پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔ آپ بے باک صحافت کے امین ہیں۔ آ پ نے ہمیشہ حق بات ڈنکے کی چوٹ پر کی جس کے سول و فوجی حکمران بھی گواہ ہیں۔ مزید براں صوبائی محتسب پنجاب خالد محمود اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب اطہر علی خان نے بھی دفتر نوائے وقت آ کر مجید نظامی سے ملاقات کی اور انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر مبارکباد اور پھول پیش کئے۔ صوبائی محتسب پنجاب خالد محمود نے کہا پنجاب یونیورسٹی نے مجید نظامی کی صحافتی خدمات کا اعتراف کر کے شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ مجید نظامی اور ان کا کردار پاکستان کی صحافت کے لئے مشعل راہ ہے۔ ڈی جی پی آر اطہر علی خاں نے کہا مجید نظامی کی صحافتی زندگی اہل صحافت کے لئے روشنی کا مینار ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن لائیرز اور تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کے اجلاسوں میں بھی مجید نظامی کو مبارکباد دی گئی۔ مسلم لیگ (ن) لائیرز کا ایک غیر معمولی اجلاس خواجہ محمود احمد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے کیانی ہال میں منعقد ہوا جس میں پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے مجید نظامی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے پر نظامی صاحب کو مبارکباد دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمود احمد ایڈووکیٹ نے کہا مجید نظامی کی ملک و ملی خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ نظریہ پاکستان کو نئی نسل سے روشناس کرانے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں اور انکی اس کاوش کے ثمرات نئی نسل میں نظر آنے شروع ہو گئے ہیں۔ اجلاس میں رانا احمد سعید ایڈووکیٹ، محمد انور گھمن ایڈووکیٹ اور گلزار بٹ ایڈووکیٹ نے مجید نظامی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریذیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت اسلام آباد کے نام خط میں تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے مجید نظامی کو پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا یہ اعزاز یقیناً اس پرخلوص محنت کا انعام ہے جو آپ کے ادارے کے بانی اور مجید نظامی کے برادر بزرگ حمید نظامی مرحوم کی جانب سے دوقومی نظریے کو فروغ دینے کیلئے ان کے نقشِ قدم پر چل کر ملا ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر صفدر محمود نے مجید نظامی کے نام تہنیتی خط میں کہا پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر دلی مبارکباد قبول فرمائیں۔ اللہ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر طارق عظیم نے مجید نظامی کے نام اپنے تہنیتی خط میں لکھا ہے ملک کے سب سے عظیم اور قدیم دانش گاہ جامعہ پنجاب کی جانب سے آپ کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر دلی خوشی ہوئی۔ میری اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دلی مبارکباد قبول فرمائیں۔ صحافت کے میدان میں آپ کی خدمات اس سطح پر اعتراف صرف آپ ہی کے لئے نہیں پورے ملک اور اہل پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کی بے پناہ صلاحیتوں سے ملک و قوم کو تادیر استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرے۔ مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے نے مجید نظامی کے نام خط میں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے مجید نظامی کے نام تہنیتی خط میں لکھا ہے مجھے یہ جان کر دلی مسرت ہوئی پاکستان کی قدیم و عظیم دانش گاہ پنجاب یونیورسٹی نے آپ کی 70 سالہ صحافتی خدمات کے اعزاز میں آپ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے اور اس وقت یہ خوشی دوچند ہو گئی جب معلوم ہوا برصغیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی صحافی کی خدمات پر اسے ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی ہے۔ بے شک یہ اعزاز آپ ہی کا حق تھا کہ آپ بے باک اور ذمہ دارانہ صحافت کے امین ہیں۔ آمریت ہو یا جمہوریت آپ نے ہمیشہ سچ کہا، سچ لکھا اور سچ مانا۔ آپ ایک عہد ساز شخصیت ہیں۔ ایک ایسی شخصیت جو پاکستان کا فخر ہے۔ میری جانب سے اس اعزاز پر دلی مبارکباد قبول فرمائیے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں پولیٹیکل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب ماجد ظہور نے مجید نظامی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنے پر مبارکباد دی ہے۔