نیویارک (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) برطانیہ سے امریکہ کے حوالے کئے گئے ابوحمزہ المصری اور 4 دیگر مشتبہ دہشت گرد واشنگٹن پہنچ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ابو حمزہ المصری سمیت پانچ مشتبہ شدت پسندوں کو امریکہ کے حوالے کیا گیا ہے۔ ان میں پاکستانی نژاد بابر احمد، سید طلحہ احسن، عادل عبدل باری اور خالد الفواز بھی شامل ہیں اب امریکہ میں ان ملزمان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ نیویارک سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تین شدت پسندوں جن میں ابوحمزہ مصری بھی شامل ہیں کو نیویارک میٹرو پولیٹن ورکیشنل سینٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ انہیں منگل کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا دو دیگر افراد جن کے نام بابر احمد اور طلحہ احسن ہیں اور ان پر جرم ثابت نہیں ہوا انہیں الگ سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس حوالے سے برطانوی ہوم سیکرٹری کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے حل طلب معاملہ اپنے انجام تک پہنچ گیا ہے۔ ابوحمزہ المصری القاعدہ کے سرکردہ رہنما رہے ہیں۔