لاہور (ساجد ضیا/ نیشن رپورٹ) پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ساتھی یونیفکیشن بلاک کے ارکان کو آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی طرف سے ٹکٹیں ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے انتخابی اتحاد کو مدنظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ جن حلقوں پر یونیفکیشن بلاک کے ارکان نے الیکشن جیتے تھے ان پر انہیں ہی دوبارہ ٹکٹیں دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن یونیفکیشن بلاک اور اتحادی مسلم لیگ ہمخیال کو قومی اسمبلی کی 33نشستوں پر ٹکٹیں ملیں گی اور ان قومی حلقوں کے تحت آنے والے صوبائی حلقوں پر بھی ان کے امیدوار ہی الیکشن لڑیں گے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن بلوچستان اور سندھ کی جماعتوں سے بھی انتخابی اتحاد کرکے فیڈریشن کے تاثر کو ابھارنا چاہتی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ہمخیال لیگ کے ساتھ ہونے والے ہر وعدے کا احترام کرے گی۔