ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں ویسٹ انڈیزنےسری لنکا کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

Oct 07, 2012 | 23:33

کولمبومیں کھیلے گئےٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ٹائٹل میچ کوکرکٹ کی تاریخ کا سب سےسنسنی خیزفائنل کہا جائےتوبیجا نہ ہوگا۔ میچ پر کبھی سری لنکن کھلاڑیوں
کی گرفت مضبوط نظرآتی تو کبھی ویسٹ انڈین پلیئرز میچ میں واپسی کیلئے پرتولتےنظرآئے۔ لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کا اختتام بالآخرویسٹ انڈیز کی جیت پرہوا۔ جس میں ویسٹ انڈیزنےچھتیس رنزسے کامیابی حاصل کرکےٹرافی اپنے نام کی۔ میزبان سری لنکا ٹیم اور اسکےشائقین حسرت اور مایوسی سے اپنی ٹیم کو میدان میں ہارتا ہوا دیکھتے رہے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سینتیس رنز بنائے۔ سٹاربلےباز کرس گیل تو اس بار نہ چلے لیکن مارلن سیموئلز نے تن تنہا ہاری ہوئی بازی جیت میں بدل ڈالی، ڈیوائن براوو اور ڈیرن سامے نے بھی انکا ساتھ دینے کی کوشش کی۔ براوو انیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ڈیرن سامے چھبیس رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ اجنتہامینڈس نے کالی آندھی خوب زچ کیا اور چار کھلاڑیوں کو پویلین پہنچا کر ہی دم لیا۔ جواب میں سری لنکن اننگز بھی خوب اتارچڑھاؤ کا شکار رہی۔ تلکررتنے دلشان میچ کے ابتدائی لمحات میں بولڈ کر واپس چلے گئے۔ پھر سنگاکارا کیا آؤٹ ہوئے، اینجیلومیتھیوز اور کپتان جےوردھنے بھی انکے پیچھے پیچھے چل دئیے۔ جیون مینڈس اور تھشارا پریرا تو بھاگنا بھی بھول گئے اور تین،تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ آٹھویں نمبرپرآنیوالے نوان کلاسیکا جارحانہ کھیل پیش کرکے سری لنکن ٹیم کو ایکبار پھر میچ میں واپس لے آئے، لیکن انکے جاتے ہی پوری ٹیم ایک سو ایک رنز پر سمٹ گئی۔ کلاسیکارا نے تیرہ گیندوں پرچھبیس رنزکی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ میچ کو سری لنکا کے ہاتھ سے چھین لینے والے مارلن سیموئلز کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، کینگروآل راؤنڈر شین واٹسن کوبیٹ اور بال کیساتھ شاندارکارکردگی کامظاہرہ
کرنےپرپلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزازدیا گیا۔

مزیدخبریں