اوکاڑہ (آئی این پی)”اسیں سانول دے ولّے آں“ حکومت کے خلاف احتجاجی سیاست پر چودھری اعتزاز احسن کی بات کے جواب میں قمر زمان کائرہ کے برجستہ جملے نے محفل کو کشت زعفران بنا دیا۔ تفصیلات کیمطابق گزشتہ شب اوکاڑہ میں سابق صوبائی وزیر محمد اشرف خان سوہنا کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شریک سینیٹر چودھری اعتزاز احسن، سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ،سابق صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد اور پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق ایم این اے چودھری منظور احمد دیگر اہم رہنماﺅں کے ہمراہ بارات کے انتظار میں تھے کہ وہاں پر پیپلزپارٹی کی سیاست کے حوالے سے بات چیت شروع ہو گئی۔ راجہ ریاض نے پیپلزپارٹی کو احتجاجی سیاست شروع کر نے کا مشورہ دیا ،سینیٹر چودھری اعتزاز احسن نے بھی ان کی اس مشورے کی تائید کی جس پر سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے چودھری منظو ر احمد کو فرمائش کی کہ وہ قصورکے پنجابی شاعر کا ماہیا سنائیں جس کے آخر میں تھا کہ ”اسیں سانو ل دے وَلّے“ قمر زمان کائرہ نے پیپلزپارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن کی حکومت کو سپورٹ کرنے کی بات پر مزاحیہ طنز کرتے ہوئے چودھری اعتزاز احسن کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب احتجاجی سیاست کیسے ہو ”اسیں سانو ل دے وَلّے“آں۔ ان کے ان ریمارکس پر وہاں پر موجود افراد نے قہقہ لگایا اور محفل کشت زعفران بن گئی۔