لاہور (حافظ محمد عمران)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر عامر سہیل نے کہا ہے کہ کوچ ڈیوواٹمور کے حوالے سے آف سپنر سعید اجمل کے بیان کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے، بورڈ کو چاہئے کہ اس پر تحقیقات کروائے، اگر واقعی کھلاڑیوں کو کوئی فرق نہیں پڑا تو واٹمور کو فوری طور پر فارغ کردینا چاہئے۔ سعید اجمل نے اتنا بڑا بیان دیا ہے، اس پر آف سپنر پر پابندی بھی لگ سکتی تھی مگر جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز سے قبل غالباً کرکٹ بورڈ کوئی بکھیڑا کھڑا نہیں کرنا چاہتا۔ وہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔عامر سہیل نے کہا کہ ڈیوواٹمور نے بھی صوبائیت کے حوالے سے انتہائی متنازع بیان دیا ہے، اس بیان پر ان سے باز پرس کی جانی چاہئے، انہیں ایسی بات کرنے کا حق کس نے دیا ہے۔ اس وقت ساری صورتحال اس بات کی غماز ہے کہ کھلاڑی واٹمور سے اور واٹمور کھلاڑیوں سے خوش نہیں۔ یہ انتہائی تشویشناک اور پیچیدہ صورتحال ہے، ہمیں فوری طور پر اس پر لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے کہ ٹیم کے ساتھ کسے کوچ ہونا چاہئے۔ جنوبی افریقہ اور یو اے ای میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اگر ہم نے سلو وکٹیں بنانے کی کوشش کی اور ان کے بلے باز وکٹ پر ٹھہر گئے تو ہمارے لئے مشکلات کھڑی ہوسکتی ہیں۔
واٹمور کیخلاف سعید اجمل کے بیان کی تحقیقات کرائی جائے: عامر سہیل
Oct 07, 2013